لاہور(حافظ فیض احمد)محکمہ ایکسائز کے حکام نے رواں مالی سال2019-20کے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں دی جانیوالی مزید 10فیصد رعایت ختم کرتے ہوئے شہریوں کو 90فیصد کے حساب سے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کیلئے چالان فارم کی ترسیل کا عمل شروع کردیا ہے جبکہ 30ستمبر تک پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کرنے کی صورت میں 5فیصد رعایت دی جائیگی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران شہریوں کو 80فیصد کے حساب سے چالان فارم ارسال کئے گئے تھے ، تاہم ایکسائز انتظامیہ نے رواں مالی سال کے دوران 10فیصد رعایت کو ختم کرتے ہوئے مزید 10فیصد اضافے کیساتھ چالان فارم بھجوانا شروع کردیئے ہیں اور اس حوالے سے محکمہ ایکسائز کے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ پی ٹی 10کے چالان فارم شہریوں کو بروقت ارسال کریں تاکہ وہ 30ستمبر تک ادائیگی کرکے 5فیصد رعایت سے فائدہ اٹھاسکیں۔ محکمہ ایکسائز ریجن اے میں پراپرٹی ٹیکس گزاروں کی تعداد 2لاکھ 28ہزار جبکہ ریجن بی میں 3لاکھ 40ہزار سے زائد ہے اور پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس ادا کرنیوالے شہریوں کی تعداد 20لاکھ سے زائد ہے ۔اسی طرح مالی سال-19 2018میں پراپرٹی ٹیکس کے سسٹم میں 2لاکھ سے زائد نئے یونٹس شامل کئے گئے ۔علاوہ ازیں بڑی شاہراہوں اور ہائی ویز کے اوپر تعمیر ہونیوالی نئی پراپرٹی کو بھی ٹیکس سسٹم میں شامل کرلیا گیا ہے اور ان سے ٹیکس کی وصولی کیلئے ایکسائز انتظامیہ نے انتظامات مکمل کرلئے ہیں ۔محکمہ ایکسائز کے متعلقہ انسپکٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ پی ٹی 10کے نوٹس کی ترسیل کرنے اور وصولی کو یقینی بنائیں تاکہ محکمہ ایکسائز کی آمدنی میں مزید اضافہ کیا جاسکے ۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹرجنرل ایکسائز زاہد حسین نے ٹیکس ریکوری کیلئے متعلقہ افسروں کو ٹاسک سونپ دیا ہے ۔ایکسائز انتظامیہ نے چالان فارم کی ترسیل کیلئے لاہور سمیت بعض اضلاع میں سہولت سنٹر بھی قائم کئے ہیں جہا ں سے شہری اپنی پراپرٹی کا نمبر دیکر سہولت سنٹر سے چالان فارم وصول کرسکتے ہیں ۔ گزشتہ مالی سال محکمہ ایکسائز پنجاب نے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں دیئے جانیوالے ہدف کو پورا کرلیا تھا۔