یروآن،انقرہ،باکو (این این آئی،صباح نیوز) آذربائیجان نے ایرانی سرحد سے ملحق نگورنو کاراباخ کے علاقے کو آرمینیا سے آزاد کرواکر اس پر اپنا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔پاکستان میں تعینات آذری سفیر علی علی زادہ کا کہنا ہے کہ وہاں آذربائیجان کا جھنڈا لہرا دیا گیا ہے ۔آذربائیجان کے صدر الہام علیاف نے کہا ہے کہ مزید 22 دیہاتوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے ۔دوسری طرف ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہاہے کہ آذربائیجان اگر ہم سے فوجی مدد کی درخواست کرتا ہے تو ترکی اپنے فوجی بھیجنے میں کسی تردد کا مظاہرہ نہیں کرے گا ۔آرمینیا کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ اس مرحلے پر وہ آذر بائیجان میں ناگورنوقراباغ میں جاری مسلح تنازع کا کوئی ممکنہ فوجی حل نہیں دیکھ رہے ہیں،فرانس ، روس اور امریکہ کی قیادت میں تشکیل کردہ منسک گروپ کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ممالک تنازع کا حل نہیں چاہتے ہیں اور وہ آرمینیا کی سیاسی اور عسکری طور پر مدد کررہے ہیں۔