روم(ویب ڈیسک) دنیا میں مس یونیورس، مس ورلڈ اور دیگر کئی طرح کے مقابلہ ہائے حسن ہوتے ہیں جن میں جیتنے والی حسینہ کو تاج پہنایا جاتا ہے مگر اٹلی میں گزشتہ دنوں ایک ایسا مقابلہ حسن کرا دیا گیا کہ پولیس نے جیتنے والی ماڈل سمیت 19افراد کو گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس مقابلے کا نام ’مس ہٹلر‘ رکھا گیا تھا جس میں درجن سے زائد ماڈلز نے شرکت کی اور 26سالہ فرانسسکا ریزی نامی حسینہ اس مقابلے میں فاتح قرار پائی۔ یہ مقابلہ پہلی بار منعقد نہیں ہوا بلکہ ہر سال اس کا انعقاد کروایا جاتا ہے لیکن چونکہ یہ اٹلی کی نیونازی اور یہودی مخالف تحریک کے لوگ منعقد کراتے ہیں چنانچہ یہ مقابلہ خفیہ طور پر کروایا جاتا ہے۔ پولیس نے گرفتار ہونے والے 19افراد کی نشاندہی پر ملک بھر میں 25سے زائد گھروں پر چھاپے بھی مارے جہاں سے جدید ترین اسلحہ، تلواریں اور اس تحریک اور ہٹلر سے متعلقہ لٹریچربرآمد ہوا۔