لاہور(سٹاف رپورٹر)مرکزی جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر و سرپرست اعلیٰ مولانا محمد اجمل قادری نے کہا ہے کہ کشمیر کی سنگین صورت حال عالمی گریٹ گیم کا حصہ ہے ۔ مودی خطرناک کھیل کھیل رہا ہے ۔ بھارت روس کا شیرازہ بکھرنے سے سبق سیکھے ، اقوام متحدہ بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دے ،کشمیر کی سنگین صورت حال سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لئے پاکستانی سفارت خانوں کو متحرک کیا جائے ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کو انسانی مسئلہ بنا کر دنیا کے سامنے پیش کرے ۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے فیصلہ کن کردار کا وقت آن پہنچا۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کیولری گراؤنڈ میں مفتی احمد علی ثانی کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مفتی احمد علی ثانی نے کہا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کا بھارتی اقدام شملہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے ۔ کشمیر میں چھیڑ چھاڑ مودی کو مہنگی پڑے گی۔ بھارت اب زیادہ دیر مقبوضہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔