اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے اسے حل کئے بغیر خطے میں امن کا قیام نا ممکن ہے ،5 اگست 2019 کے اقدام نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ۔پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت تحریک کی حمایت جاری رکھے گا۔گزشتہ روز سپیکراسدقیصرسے رکن کشمیر کمیٹی نورین فاروق ابراہیم نے ملاقات کی اورآل پارٹیز پارلیمانی گروپ کے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پرچیئرمین قائمہ کمیٹی خارجہ امور ملک احسان اللہ ٹوانہ، کشمیری رہنما راجہ نجابت حسین اور رکن کشمیر کونسل یونس میر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پرسپیکراسدقیصرنے کہا کہ پارلیمانی گروپ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کے بعد پاکستانی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام پڑوسی ممالک کیساتھ برابری کی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے مگر کوئی بھی ملک ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے ۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلایا جائے ۔ادھر سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں ڈائریکٹر ایڈیٹنگ اینڈ پبلی کیشن قومی اسمبلی سیدنعمان شاہ کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔