ملتان (خصوصی رپورٹ) جنوبی پنجاب کے مسائل حل کرنے کے لئے حکومت اور مخیر حضرات مل کر کام کررہے ہیں، تاکہ علاقے کے بے روزگار نوجوانوں کو باعزت طریقے سے قرض حسنہ دے کر معاشرے کا کار آمد فرد بنایا جا سکے ،ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف صنعت کار وسابق صدر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان و ڈیرہ غازی خان اور چیئرمین ڈرائی پورٹ ٹرسٹ ملتان خواجہ جلال الدین رومی سے سرکٹ ہاؤس ملتان میں ملاقات میں کیا، اس ملاقات میں خواجہ جلال الدین رومی نے ملتان، شجاع آباد اور جلال پور پیر والہ سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ لیکن بے روزگار نوجوانوں کے لیے پچاس لاکھ قرض حسنہ سکیم کے لیے چیک پیش کیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خواجہ جلال الدین رومی کے جذبہ خدمت خلق کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کے تحت ایک طرف بے روزگاری میں کمی ہوگی تو دوسری جانب وزیر اعظم کے ویژن کی تکمیل ہو گی جس کے تحت وہ ملک کے پڑھے لکھے طبقہ کو باعزت طریقے سے روزگار دینا چاہتے ہیں، اس موقع پر خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ قرضہ حسنہ سکیم کے ذریعے ہم چراغ سے چراغ جلانا چاہتے ہیں کہ جب کوئی بھی نوجوان یہ قرضہ واپس کرے گا کہ تو وہی رقم کسی نئے بے روز گارکو دے کر اس کی مشکلات کم کریں گے ، انھوں نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو بتایا کہ ہم اس سے پہلے اخوت اور الخدمت جیسے اداروں کو بھی سپورٹ کر چکے ہیں، لیکن اس قرضہ حسنہ کی سکیم سے اب ضلع ملتان کے نوجوان استفادہ کریں گے ۔ جس سے علاقے میں نئے کاروباری مواقع پیدا ہوں گے ۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اس منصوبے کی نگرانی ایڈیشنل چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کریں گے جبکہ کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود اور ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک اس قرضہ حسنہ کی سکیم کو شفاف طریقے سے چلانے کے لئے کمیٹی تشکیل دیں گے ،جس میں خواجہ جلال الدین رومی کی طرف سے ایک نمائندہ بھی شامل ہو گا، یاد رہے کہ قرضہ حسنہ سکیم کے تحت اس منصوبے کا اعلان گزشتہ دنوں خواجہ جلال الدین رومی نے گزشتہ دنوں کیا تھا کہ وہ جلد ہی ضلع ملتان کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے بلا سود قرضے دیں گے ۔