موٹر وے پر بھیرہ انٹرچینج کے قریب مسافر وین ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر ستون سے جا ٹکرائی اور اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آتشزدگی کے نتیجے میں 3خواتین سمیت 11مسافر زندہ جل گئے۔ ملک میں ٹریفک حادثات معمول بن گئے ہیںکبھی بریک فیل ہونے سے گاڑیاں ٹکرا جاتی ہیں تو کبھی ناقص گیس سلنڈر کے پھٹنے سے آگ لگ جاتی ہے۔ بھیرہ انٹرچینج پر پیش آنے والے حادثے میں پہلے گاڑی کا ٹائر پھٹا بعدازاں سلنڈر سے آگ لگ گئی۔ موٹر وے پر عموماً گاڑیاں تیز رفتاری سے چلتی ہیں۔ جس کے باعث موٹر وے پولیس ناقص ٹائروں والی گاڑیوں کو موٹر وے پر چڑھنے ہی نہیں دیتے تاکہ تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش نہ آئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کے ٹائروں کو چیک ہی نہیں کیا گیا۔ اس غفلت پر موٹر وے پولیس کے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کرنی چاہیے۔ دوسرا گاڑیوں کی فٹنس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے کیونکہ حادثے کی صورت میں کئی خاندان اجڑ جاتے ہیں۔ موٹر وے اور ہائی ویز پولیس ٹول ٹیکس کے قریب گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے کے لئے بھی کوئی مشینری نصب کریں تاکہ آنکھوں سے اوجھل ہو کر قومی شاہرائوں پر موت بانٹنے والی گاڑیوں کے خلاف فی الفور کارروائی کر کے انہیں نہ صرف بھاری جرمانے کئے جائیں بلکہ ڈرائیورز کو سزائیں بھی دی جائیں اسی طرح ٹریفک حادثات پر قابو پایا جا سکے گا۔