ملتان (سپیشل رپورٹر) ریلویز کمرشل آفس نے تیزگام ٹرین حادثے کا شکار ہونے والے مسافروں کے لواحقین اور ورثاء کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ۔انچارج کمرشل آفس ملتان ریاض احمد نے کہا شناختی کارڈ یا رسید دکھا کر سامان واپس لیا جا سکے گا ، رسید جلنے کی صورت روانگی کے مقام سے ریکارڈ چیک کرکے سامان دیا جائے گا ۔ بریک واں میں سامان محفوظ پڑا ہے جبکہ تمام ریلوے سٹیشنز پر مسافروں کا بکنگ ریکارڈ موجود ہے ،بک کیا گیا سامان پاکستان ریلوے کے پاس امانت ہے ۔ ریلوے میں بک کئے جانے والے سامان کا 6 جگہ پر ریکارڈ محفوظ ہوتا ہے ۔ ان مقامات میں روانگی کے مقام پر ، لوڈنگ کلرک کے پاس ، ٹرین گارڈ کے پاس ، ان لوڈنگ کلرک کے پاس اور ڈلیوری آفس میں ریکارڈ موجود ہوتا ہے ۔سامان کی رسیدیں جلنے یا دستاویزی ثبوت نہ ہونے پر وراثتی قوانین کے مطابق سامان ورثاء کو دیا جائے گا ۔