لاہور(رپورٹ : قاضی ندیم اقبال) خطیب بادشاہی مسجد مولاناسید عبد الخبیر آزاد نے کہاہے کہ ملک وقوم کو درپیش معاشی ودیگر مسائل کا واحد حل اسلامی معیشت کے سنہری اصولوں کے نفاذمیں ہی پنہاں ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم حضرت محمد ﷺ کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت میں کامیابی کو اپنا مقدر بنائیں۔اس امر کا اظہار انہوں نے روزنامہ ’’92‘‘ نیوز سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سبھی کام حکومت پر نہیں چھوڑنے چاہئے ۔ آنے والی نسلوں کو جھوٹ، فریب، مکر، رشوت، اقرباء پروری ، جیسے خوفناک عوامل کی تباہ کاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے ان سے دور رہنے کی تلقین کریں ۔ پاکستانی معاشرے میں گزشتہ کئی سالوں سے عدم برداشت کے رجحان میں خوفناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔معاشرے کا ہر فرد نفسا نفسی میں مبتلا نظر آتا ہے جو معاشرے کو گھن کی طرح چاٹ جاتی ہے ۔ یوں دکھائی دیتا ہے جیسے افراد کی اکثریت کی قوت برداشت ختم ہو چکی ہے ۔ بے صبری ، بے چینی اور غصہ ہر کسی کے ماتھے پر دکھائی دیتا ہے ۔ موجودہ حالات میں تمام علماء مشائخ پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ معاشرے میں جہالت اور تنگ نظری بہت زیادہ ہے ۔ جہالت کی وجہ سے لوگ سمجھتے ہیں کہ جو کچھ وہ پڑھتے ہیں وہی ٹھیک ہے ۔ موجودہ حالات میں گھبرانا نہیں بلکہ معاشرے کی تصحیح کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے ۔