لاہور(کلچرل رپورٹر) لاہورآرٹس کونسل الحمراء کے ماہانہ ادبی وثقافتی سلسلے ’’کچھ یادیں،کچھ باتیں‘‘کی دوسری نشست میں ملک کے نامور ناول نگار، سرگرم سیاح ،ڈرامہ نویس ودانشورمستنصر حسین تارڑ مہمان مقرر تھے ،انہوں نے حاضرین کے ساتھ اپنی زندگی کی جدوجہد ،تجربات ومشاہدات اور فنی سفر کی یادیں تازہ کیں،حاضرین نے انکے لازوال سفرو ادبی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔معروف سفرنامہ نگار مستنصر حسین تارڑ نے الحمراء کے اس ادبی سلسلے کو سراہا اور اس احسن اقدام پر چیئرپرسن الحمراء منیزہ ہاشمی کو مبادکباد پیش کی ۔ اس موقع پر منیزہ ہاشمی نے کہا کہ ’’کچھ یادیں،کچھ باتیں‘‘ کا مقصد نوجوان نسل کواپنے لیجنڈ کے عمر بھر کے تجربات سے روشناس کروانا اور اس سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہر علی خان نے کہا کہ مستنصر حسین تارڑ کے درجنوں ناول ، ڈرامے اور سفرنامے ہمارا ادبی اثاثہ ہیں، آپ کا کام نئے لکھاریوں کے لئے مشعل راہ ہے ۔