اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے اقتصادی سفارت کاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اقتصادی سفارتکاری کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اقتصادی سفارتکاری کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس میں "اکنامک آؤٹ ریچ کوآرڈینیشن گروپ"کے قیام کافیصلہ کیا گیاجبکہ ڈاکٹرمعیدیوسف کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا۔گروپ وزارتوں،محکموں اور اداروں میں رابطوں کیلئے کام کرے گا۔اقتصادی سفارتکاری کے فروغ کے حوالے سے روڈ میپ بھی وزیراعظم کو پیش کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے بیرونی ممالک سے نہ صرف تعلقات مزیدمستحکم ہوں گے ۔ بلکہ معاشی میدان میں موجود صلاحیت سے بھی بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانے اقتصادی سفارتکاری کے فروغ پر بھرپور توجہ دیں۔ وزیرِ اعظم نے چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کرنے والے بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔دریں اثناء وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ زرعی اجناس کی پراسیسنگ کے حوالے سے اقتصادی زونز پر خاص توجہ دی جائے ۔ زرعی اجناس میں پیداواری اضافے اور زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے چین کے تجربے سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا چین کی مہارت اور تعاون کا بھرپور استعمال یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی شعبے میں اصلاحات خصوصاً زرعی پیداوار میں اضافے اور فوڈ سکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیرِ اعظم نے کہا فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانااولین ترجیح ہے ۔ زرعی شعبے کی بہتری، پیداوار میں اضافے اور شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے مرتب کیے جانے والے میڈیم اور لانگ ٹرم منصوبوں کے حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی ایکشن پلان پیش کیا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے ایگرو ایکولوجیکل زونز کوازسر نو مرتب کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق ملاقات میں معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیر خزانہ نے وزیر اعظم کو وزارت کے امور پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر پاکستان کی طرف سے بھرپور خیر مقدم کردیا۔وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا اہل کشمیر کے حقوق کیلئے عالمی فورم پر آواز بلند کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں ، ترکی کی غیر متزلزل حمایت حق خود ارادیت کی جائز و منصفانہ جدو جہد میں کشمیریوں کیلئے ہمت و حوصلے کا ایک ذریعہ ہے ۔