بیجنگ(92نیوزرپورٹ،صباح نیوز،نیٹ نیوز) چین نے کہا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیرکا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پر امن حل چاہتا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس مسئلہ کے حل کیلئے بھارت کو اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد اور سلامتی کونسل کے ارکان کی رائے کا احترام کرنا ہوگا۔ چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران مسئلہ کشمیر اورمقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ترجمان چینی وزارت خارجہ گینگ شیوانگ نے کہا کہ تنازع کشمیرپرچین کی پوزیشن واضح ہے ،یہ تاریخی تنازع ہے جسے اقوا م متحدہ چارٹرکے تحت حل کیاجاناچاہئے ۔ ہم مسئلہ کشمیرکاسلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پرامن حل چاہتے ہیں۔مسئلہ کشمیرہمیشہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پررہا۔ چین کشمیر کے مسئلہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔سلامتی کونسل کے رکن ممالک مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرتشویش میں مبتلاہیں۔ چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر پاکستان اور بھارت کے درمیان طویل عرصہ سے تنازع بننے والے مسئلہ کشمیر کے حل اور تنائو کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا اور کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ بھارت کو سلامتی کونسل کے ارکان کی رائے کا احترام کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورت حال پر اپنے اقدامات پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر بھارتی میڈیاکے تیکھے سوالات پرترجمان چینی وزارت خارجہ نے برجستہ جوابات دیئے ۔ بھارتی میڈیاکو مسئلہ کشمیر پر منہ کی کھاناپڑی۔