راولپنڈی(92نیوزرپورٹ)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہدانورخان نے کہا ہے مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کامنہ توڑجواب دے گی،مسلح افواج کودہشتگردی کے خلاف لڑائی میں اپنی قربانیوں پرفخرہے ۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 140ویں لانگ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈہوئی۔آئی ایس پی آرکے مطابق140ویں پی ایم اے لانگ کورس،31ویں تکنیکی گریجویٹ کورس ،59ویں انٹیگریٹڈکورس،38ویں گریجویٹ کورس کے شرکا پاس آؤٹ ہوئے ، پاک فضائیہ کے سربرا ہ ائیرچیف مارشل مجاہدانورخان مہمان خصوصی تھے ،ایئرچیف کی پی ایم اے آمدپرکمانڈنٹ میجرجنرل اخترستی نے استقبال کیا۔بٹالین سینئرانڈرآفیسرعثمان شاہد نے اعزازی شمشیرحاصل کی، انڈر آفیسر قاسم ایوب کو پریزیڈنٹ گولڈ میڈل ایوارڈ جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل سے فلسطین کے انڈر آفیسر البازور کو نوازاگیا۔پریڈ میں دوست ممالک سعودی عرب،فلسطین،بحرین ، سری لنکا کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے ،ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے پریڈکامعائنہ کیااورنمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازت تقسیم کئے ۔پریڈسے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہامسلح افواج نے قربانیاں دے کرملک میں امن وامان کویقینی بنایا،مسلح افواج ہراندرونی وبیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں،کیڈٹس قوم کی امنگوں پرپورااترنے کیلئے پیسہ ورانہ مہارتیں اپنائیں۔