ملتان(سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکی مفاد اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دنیا کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ مسئلہ فلسطین پر ہمارا تاریخی موقف اور اس پر قائم ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ پی ڈی ایم سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ پی ڈی ایم در حقیقت ملکی ترقی کے مخالف ہے ، پی ڈی ایم رہنماؤں کو خواب میں بھی حکومت نظر آتی ہے ۔ اسمبلی سے باہربیٹھنے والے لوگوں کی خواہش پوری نہیں ہو سکتیں۔ اپوزیشن کو انتظار کرنا ہوگا حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156کی یونین کونسل15 اور 16کے دورہ کے دوران تقریبات سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں واضح دراڑ نظر آرہی ہے ۔ پی ڈی ایم کے اراکین سوشل میڈیا پر نہیں بلکہ سپیکرکو استعفیٰ پیش کریں۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر نور خان بھابھہ کی قیادت میں و فد نے ملاقات کی ۔ملاقات میں جنوبی پنجاب کی تنظیمی صورتحال سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ جنوبی پنجاب کے صدر نور خان بھابھہ نے بہترین عوامی پالیسیوں پر وزیراعظم عمران خان اور بہترین خارجہ پالیسی پر وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا انہوں نے این اے 156کی یونین کونسل15‘16 کا دورہ کیا۔