اسلام آباد،فیصل آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی)وزیر خارجہ شاہ محمو د نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر مسلم اُمہ کو متحد ہونا ہوگا اور عالمی برادری اسرائیل کی سفاکیت کا نوٹس لے ۔اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران شاہ محمود نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد الاقصیٰ میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے ، مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر گولیاں برسانا افسوس ناک ہے ، نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ فوری بند کیا جائے ، گزشتہ رات ترک وزیر خارجہ نے انہیں فون کیا، فلسطین سے متعلق پاکستان کا موقف دوٹوک ہے اسی طرح ترکی کا بھی ایک واضح موقف ہے ، ہم فلسطین میں جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں،فلسطین کے ایشو پر مسلم اُمہ کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے ۔دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کی دعوت پر وزیر اعظم نے 3 روزہ دورہ کیا، دورہ سعودی عرب غیرمعمولی نوعیت کا تھا، پاک سعودی تعلقات پہلے بھی عمدہ تھے اور اب دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جارہا ہے ۔ آرمی چیف کے دورہ کابل سے متعلق شاہ محمود نے کہا کہ ہم افغانوں کے خیرخواہ ہیں اور خوشحال و خود مختار افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں، ہمارا ان کے اندرونی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، آرمی چیف نے کابل کا دورہ کیا، آرمی چیف اورڈی جی آئی ایس آئی کی کابل میں اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں جس کے بعد افغانستان میں امن کے بہتر امکانات پیدا ہوئے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں یورینیم کی برآمدگی تشویشناک ہے ، مودی حکومت کی کشمیر پالیسی پر بھارت کے اندر سے بھی تنقید ہورہی ہے ، بھارت میں بڑا طبقہ بی جے پی حکومت کی کشمیر پالیسی کو ناکام سمجھتا ہے ،پاکستان آج بھی مذاکرات کیلئے تیار ہے ، وزیراعظم پہلے کہہ چکے ہیں کہ بھارت ایک قدم بڑھائے گا پاکستان 2 بڑھائے گا۔شاہ محمو د نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا سفیروں سے متعلق نوٹس درست ہے ۔ بعدا زاں منگل کو وزیر خارجہ نے فیڈمک کے اکنامک زونز کا دورہ کیا اورچیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ شاہ محمود نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے اس مرتبہ اچھی خبر آ ئیگی اور پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا جائیگا، جی ایس پی پلس کا سٹیٹس برقرار رکھنے کیلئے لابنگ شروع کر دی گئی، کپاس کی پیداوار میں کمی پر قابو پانے کیلئے ریسرچ پر بھرپور توجہ دینی ہوگی۔