مکرمی ! پوری دنیا میں کشمیر کے حوالہ سے بھارت کے خلاف احتجاج ہو رہے ہیں لیکن پاکستانی عوام کو متحدہ عرب امارات، بحرین اور سعودی عرب کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے واضح موقف کی حمایت نہ کرنے پر سخت مایوسی ہوئی۔ عوامی سطح پر دنیا بھر میں کشمیریوں کی حمایت جاری ہے ۔ ایک طرف ایسے حکمران ہیں تو دوسری جانب ایران نے سب سے پہلے بھارت کے خلاف عملی قدم اٹھا لیا-ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی کے رکن علی مطہری کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ایران سمیت تمام مسلمان ممالک پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے، مجلس شوریٰ اسلامی کے جاری اجلاس میں کشمیر کی حمایت میں ایک یاداشت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کشمیر کی عوام مظلوم اور بھارتی حکومت ظالم ہے۔ اسلامی اخوت ہم سے اس بات کا تقاضہ کرتی ہے کہ ہم دیگر مسلمانوں کے مسائل و مشکلات سے لا تعلق نہ رہیں۔ مسئلہ کشمیر حل کرانا ایران کی ذمہ داری ہے۔ عرب ممالک کے حکمرانوں کے خیالات کب بدلتے ہیں اور وہ حقائق سے کب آشنا ہوں گے اس کا بہتر جواب تو شاہ محمود قریشی ہی دے سکتے ہیں۔ (سلمان احمد قریشی)