کراچی(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ و سابق چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے کہا ہے کہ پی سی بی کے سرپرست اعلی کی حیثیت سے وزیراعظم عمران خان کرکٹ میں احتساب کریں۔کراچی پریس کلب کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین محسن حسن خان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو درست سمت میں چلایا جائے ،ون ڈے اور ٹیسٹ ہی اصل کرکٹ ہے جب کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کو بطور تفریح لیا جانا چاہیے ۔محسن خان نے کہا کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹرمصباح الحق کو ایک ساتھ کئی ذمہ داریاں دینا درست نہیں،مصباح کو کوچنگ کا کوئی تجربہ نہیں،وقار یونس کو ایک مرتبہ پھر بولنگ کوچ لگا دیا گیا جبکہ ان کو تین مرتبہ پہلے ذمہ داری سے الگ کیا جاچکا،تین سالہ معاہدے کا کوئی جواز نہیں بنتا،آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی اور پھر ٹیسٹ سیریز میں عبرتناک شکست کی وجہ گیم پلان نہ ہونا تھا۔