کراچی(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے تحت ادارہ نورحق میں مقبوضہ کشمیر میں حالیہ صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس میں شریک مختلف دینی وسیاسی جماعتوں، وکلاء برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی اور اقلیتی برادری کے نمائندوں نے مشترکہ طور پر اس مؤقف کا اظہار کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد اور آخری حل بھارت کے خلاف جہاد ہے ، اب فیصلہ کرنے کا وقت آگیا ہے اور آگے بڑھنے کے سوا کوئی اور آپشن اور راستہ نہیں۔ کانفرنس کی صدارت پیپلز پارٹی کے سینئررہنما پروفیسر این ڈی خان نے کی جبکہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے خصوصی خطاب کیا۔کانفرنس میں جمعہ 9اگست کو بھارت کے خلاف مشترکہ طور پریوم احتجاج منانے کا بھی فیصلہ کیاگیا اور مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔پروفیسر این ڈی خان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ جہاد ہماراحق ہے اورجہاد کے آپشن کوکھلارکھنا چاہیے ،اگربھارت نے اپنا رویہ اور طرز عمل درست نہ کیاتو ہم اپنی فوجیں مقبوضہ کشمیر میں اتار سکتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں ہیں،استصواب رائے کشمیریوں کا حق ہے جو انہیں ملنا چاہیئے ،70سال سے بھارت نے اس فیصلے پر عمل نہیں کیا۔ تقریب سے نورالحق،حلیم خان،فہیم الدین ودیگر نے بھی خطاب کیا۔