اسلام آباد،کراچی (وقائع نگار ، 92 نیوز رپورٹ) وزارت ہوا بازی نے مشتبہ لائسنس والے 262 پائلٹس کی لسٹ جاری کردی، پی آئی اے کے 141، ایئربلیو کے 9 اور سرین ایئر کے 10 اور دیگر ائیرلائن کے پائلٹس شامل ہیں،وزارت ہوابازی کی فہرست کے مطابق مشتبہ لائسنس والے 141 پائلٹس پی آئی اے میں فرائض انجام دے رہے تھے ، فہرست میں پالپا کے سینئر عہدیداران بشمول ترجمان پالپا کیپٹن قاسم قادر بھی شامل ہیں،ان میں وہ 17 ہوا باز بھی شامل ہیں، جن کی پی آئی اے نے ڈیڑھ سال قبل خود نشاندہی کی تھی، پنجگور حادثے میں جہاز کے کپتان یحییٰ سندہیلہ بھی شامل ہیں ، تمام ائیرلائن کے اوسطا ایک تہائی ہواباز مشتبہ لائسنس کے حامل ہیں۔علاوہ ازیں مشتبہ لائسنس رکھنے والے پائلٹس کے خلاف سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے ایکشن لے لیا ہے اورتمام پائلٹس کو فوری گراؤنڈ کردیا ہے ۔ پی آئی اے کے مشتبہ لائسنس کے حامل تمام 141 پائلٹس فی الفور گراؤنڈ کردیئے گئے ہیں، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے وزارتِ ہوابازی کو مطلع بھی کردیا ہے ۔ سی ای او نے تمام سفیروں کوخط تحریر کرکے پی آئی اے کے اقدامات سے آگاہ کردیا ہے ۔ پنجگورحادثے کے بعدسے مشتبہ لائسنس کا سکینڈل سامنے آیا تھا۔سال 2018 نومبر میں بلوچستان کے علاقے پنجگور میں پی آئی اے کا مسافر طیارہ دوران لینڈنگ کچے میں اترگیا تھا جس کے بعد اس معاملے کی تحقیقات کی گئیں۔