کراچی (سٹاف رپورٹر ) سابق آرمی چیف اور سابق صدر مملکت جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنانے پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، چوہدری نثار و دیگر کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے خصوصی عدالت کی تقرری کو ہی غیر قانونی قرار دے دیا ہے ۔لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہوا کہ پرویز مشرف کے خلاف کارروائی بدنیتی پر مبنی تھی۔سابق وزیراعظم نواز شریف،سابق وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان ،سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کے خلاف بھی غیرآئینی اقدامات کرنے پر سخت فیصلہ دیا جائے ،نواز شریف کو واپس وطن لاکر سزا مکمل کرانے کا حکم دیاجائے ۔نثار علی خان،شاہد خان اور دیگر مدعاعلیہان کے نام ای سی ایل میں شامل کئے جائیں۔