اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کے خلاف غازی عبدالرشید قتل کیس خارج کرنے کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ۔ہفتہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے 2صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔جس میں کہاگیاکہ پرویز مشرف کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جاتی ہے ، مقدمہ کے اخراج کیلئے پاکستان سوشل جسٹس پارٹی نے درخواست دائر کی۔ فیصلہ میں کہاگیاکہ پٹیشنر رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہونے کے باوجود متاثرہ فریق اور حق دعویٰ حاصل ہونے پر عدالت کو مطمئن نہ کر سکی، پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ میں کوئی سیاسی جماعت متاثرہ فریق کیسے ہو سکتی ہے ؟ ۔تحریری فیصلے میں کہاگیاکہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ پرویز مشرف قانون کی نظر میں مفرور ملزم ہے ۔