اسلام آباد(خبر نگار)خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ 28نومبر تک محفوظ کرلیا۔گزشتہ روز چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اور خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس وقار سیٹھ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر استغاثہ اور حکومت کی طرف سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا جبکہ پرویز مشرف کے وکیل بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم سیکرٹری داخلہ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے جس پر عدالت نے کہا کہ ہم نے آج آپ کو نہیں بلایا تھا۔مقدمے میں کسی کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے آدھے گھنٹے کا وقفہ لیا جس کے بعد عدالت نے بتایا کہ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو 28نومبر کو سنایا جائے گا۔