اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ(ن) فوجی عدالتوں کی مشروط حمایت پر آمادہ ہوگئی ہے ۔ن لیگ اس حمایت کے بدلے اپنے کچھ مطالبات مقتدر حلقوں کے سامنے رکھے گی۔ شہبازشریف نوازشریف کو اعتماد میں لے کر تمام فیصلے کر رہے ہیں،دونوں کے درمیان حمزہ شہباز رابطے کا ذریعہ ہیں۔حمزہ شہبازنے جمعرات کو کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے ملاقات کی اور جمعہ کا دن انہوں نے اسلام آباد میں اپنے والد شہبازشریف کے ساتھ گزارا۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف کا خیال ہے کہ ن لیگ اور بالخصوص شریف خاندان کی مشکلات کم کرنے کیلئے ن لیگ کو اپنے بیانیے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ سے پیچھے ہٹنا پڑے گا اور مقتدر حلقوں کے خلاف سخت لہجہ چھوڑنا ہوگا۔نوازشریف بھی اس بات پر آمادہ دکھائی دیتے ہیں۔