لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ حفیظ شیخ کے دادا سندھ اسمبلی کے سپیکرتھے پاکستان بنانے میں ان کی فیملی کا بڑا کرداررہا ہے ،خواجہ آصف کا یہ کہنا ہے کہ حفیظ شیخ کا پاکستان سے کوئی لینادینا نہیں درست نہیں ۔اس وقت برطانیہ کے سٹیٹ بینک کا گورنر بھی برطانوی نہیں بلکہ کینیڈا کا شہری ہے ۔ پروگرام ’’ہارڈ ٹاک پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت بہتر صرف مشیر خزانہ ہی نہیں بناتا ۔ مشرف دور میں لوکل گورنمنٹ پر بڑا زبردست کام کیا گیا اور ان کے دور میں ہی کراچی میں ساری ترقی ہوئی ۔ پی پی والوں نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے مرکز سے صوبوں کو اختیارات تک پہنچایا لیکن صوبوں نے اضلاع کو اختیارات کی منتقلی نہیں کی جو غلط کام تھا۔ صوبوں میں وزیر اعلی اور چیف سیکرٹری بادشاہوں کی طرح بیٹھ جاتے ہیں اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا نام نہیں لے رہے ۔ وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو دعوے کئے وہ پورا نہیں کرسکی اگر کارکردگی کی بنیاد پر ہی تحریک انصاف وزیر اورمشیر رکھتی تو آج بھی فواد چودھری ہی وزیراطلاعات ہوتے کیونکہ یہ اچھی طریقے سے حکومت کا دفاع کرسکتے ہیں۔ 140اے میں کہاں لکھاہے کہ لوکل گورنمنٹ کو اختیارات دینے ہیں۔ اس آرٹیکل کی سب سے زیادہ خلاف ورزی پنجاب اور کے پی کے میں کی گئی وہاں پر کوئی مقامی حکومت نہیں ۔کیا پنجاب، کے پی کے میں حکومت نے نئے الیکشن کرائے ؟ یہ وفاقی حکومت ہمیں کہتی ہے خود کرتے نہیں ۔