کراچی (کلچرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)مشن پرواز کا آغاز کرنے والے پاکستانی اداکار و گلوکار فخرعالم دنیا کا سفرکرتے ہوئے کراچی پہنچ گئے ،گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اولڈ ٹرمینل پر ان کا استقبال کیا۔فخر عالم کے استقبال کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فخرعالم کو پورے پاکستان کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں، وہ ایک ایسا کام کررہے ہیں جس سے زندگی کوخطرہ ہے ۔عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمیں فخرعالم پر فخر ہے ،انہوں نے پاکستان کی تاریخ کا انوکھا کارنامہ سرانجام دیاہے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں فخر عالم نے کہاکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاک فوج کاشکریہ اداکرتاہوں۔ وطن کی فضا میں آیا تو عجیب سا جذبہ تھا،میرا یہ سفر پاکستان کے لوگوں کے نام ہے ۔انہوں نے کہا کہ فضائی قوانین کی وجہ سے صرف جوشوابریکن اورکرٹ روئے نے ساتھ دیا،فخر عالم کے استقبال کے لیے ساتھی فنکار فیصل قریشی، ماریہ واسطی، ژالے سرحدی، عائشہ عمر، سہیل جاوید،عاصم جوفا، و دیگر شامل تھے ۔ ائیرپورٹ پر حب الوطنی کی فضائبن گئی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند ہوئے ،کراچی فخر عالم کی بارہویں منزل ہے ، یہاں سے وہ لاہور اورپھر اسلام آباد سے ہوتے ہوئے آگے جائیں گے ۔