لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ ہی پاکستان کو معاشی استحکام اور جنوبی ایشیا کی بڑی معیشت بننے کی منزل تک لے جاسکتا ہے لہذا ان عوامل پر قابوپانا ضروری ہے جو برآمدی شعبے کو متاثر کررہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی سربراہی چیف انسٹرکٹر اکرم علی خواجہ کررہے تھے ۔ سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران فیاض حیدر، حاجی آصف سحر، ذیشان سہیل ملک اور ملک محمد خالد بھی موجود تھے ۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے چند مصنوعات اور چند مصنوعات اور چند منڈیوں پر انحصار ترک کرنا ہوگا، اس کے علاوہ ویلیوایڈیشن پر بھی توجہ دی جائے تاکہ انجینئرنگ، حلال فوڈ، فارماسیوٹیکل اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر سیکٹرز عالمی تجارت میں بڑا حصہ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر نے اس سال ایکسپورٹ ایمرجنسی ڈیکلیئر کررکھی ہے اور اس سلسلے میں ایک سہولیاتی ڈیسک بھی قائم کردیا گیا ہے ۔