نئی دہلی(نیٹ نیوز) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کے دوران دہلی پولیس کی ایک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں پولیس اہلکاروں نے ہندوستانی فوج کے جوانوں جیسی وردی پہن رکھی ہے ۔ ایک منٹ سے زائد کی اس ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دہلی پولیس کے جوان مبینہ طور پر ہندوستانی فوج جیسی وردی پہن کر جعفرآباد میٹرو سٹیشن پر نظر آ رہے ہیں۔ اس پورے واقعہ پر ہندوستانی فوج نے کہا کہ وہ جانچ کر کارروائی کرے گی۔ نیوز ایجنسی اے این آئی کے ذریعہ ٹویٹ کئے گئے ایک ویڈیو پر پیر کے روز اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہندوستانی فوج کے ترجمان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا گیا یہ واضح کیا جاتا ہے کہ داخلی سلامتی کے لئے ہندوستانی فوج کی تعیناتی نہیں کی گئی تھی۔ہندوستانی فوج کے ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی فوج کی وردی پہننے والے ریاستی پولیس دستوں اور نجی سکیورٹی ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔