لاہور( این این آئی )لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر اور کٹاربند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر سید محمود غزنوی نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ہے ۔ ملک میں دہشت گردی پھر سر اٹھارہی ہے جبکہ پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے لہٰذاتمام سیاسی جماعتوں اور عوامی حلقوں کو سیاسی ہم آہنگی کے لیے کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی پاکستان مخالف قوتوں کو ایک مرتبہ پھر سر اٹھانے کا موقع فراہم کرتی ہے جو کسی طرح بھی درست نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا اہم ملک ہے اس لئے پوری دنیا کی نظر پاکستان پر ہے ۔ سیاسی عدم استحکام پوری دنیا کو منفی پیغام دیتا اور غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل کرتا ہے ۔ یہ تمام صورتحال سیاسی جماعتوں سے دانشمندی کا تقاضا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور عوام کو مل کر بحیثیت قوم بین الاقوامی برادری کی نظر میں پاکستان کی بہترین ساکھ اجاگر کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے ۔