لاہور(خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ صنعتیں چلیں گی تو نئی منتخب حکومت بھی چلے گی ، اگر صنعتی پہیہ نہ گھوم سکا تو پھر عوام کی مشکلات کم نہیں ہوں گی ، ملک میں تبدیلی لانے کے لئے معاشی ترقی بہت ضروری ہے اور معاشی ترقی میں صنعتوں کا کردار بہت اہم ہے ،اگر نئی منتخب حکومت نے صنعتی ترقی کے لئے ٹھوس لائحہ عمل مرتب نہ کیا تو پھر اس کے لئے بہت سے معاشی مشکلات پیدا ہوجائیں گی ، انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قیمت میں پچیس فیصد اضافہ ہوچکا ہے اور اب اس کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا تو معاشی مسائل مزید سنگین ہوں گے ، روپے کی قدر کو مزید گر نے نہ دیا جائے ، ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے ہر طرف مشکلات پیدا ہورہی ہیں ، عوام جس جماعت کو بھی منتخب کریں گے وہ سب سے پہلے معاشی ترقی کے لئے لائحہ عمل مرتب کرے ،معاشی صورت حال بہتر ہونے سے ہی نئی منتخب حکومت پر عوام کا اعتماد بڑھے گا ۔