اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) راولپنڈی کے رہائشی ایڈوکیٹ جوادسہراب نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر نے 30 افراد کے ہمراہ جی ٹی روڑ مندرہ پر ان کی فلور مل پر قبضے کی کوشش کی،بااثر فریقین کے درمیان اراضی کے اس تنازع کی تحقیقات کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی رضوان قدیر کو تبدیل جبکہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سیف اللہ ڈوگر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔نائنٹی ٹونیوز نے مراد اکبر سے رابطہ کیا مگر ان کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔ متاثرہ شہری نے شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر کے خلاف سول کورٹ راولپنڈی میں کیس دائر کر دیا۔ایڈووکیٹ جواد سہراب کا کہنا ہے کہ زمین کی ملکیت 1986 ئسے حقیقی مالک سہراب خان ملک کے نام پر ہے ، 10 کنال 5 مرلے زمین گزشتہ 34 سال سے ان کی ملکیت میں ہے ۔ مراد اکبر نے جعلی کاغذات بنا کر زمین پر قبضے کی کوشش کی ۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے مراد اکبر سے 6 فروری کو جواب طلب کرلیا۔ شہری جواد سہراب نے موقع پر بنائی گئی ویڈیو بھی شیئر کر دی۔ متاثرہ شہری جواد سہراب نے دعویٰ کیا کہ معاون خصوصی شہزاداکبر نے آرپی او راولپنڈی،انٹیلی جنس بیورو،ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور اسلام آباد پولیس سے رابطہ کر کے معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی۔ اسی زمین کے تنازع کی تحقیقات کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی رضوان قدیر کا تبادلہ اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سیف اللہ ڈوگر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔