اسلام آباد، لاہور ،کراچی (سپیشل رپورٹر، خصوصی نمائندہ، سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک، 92 نیوز رپورٹ ) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور اور دیرینہ ساتھی نعیم الحق انتقال کرگئے ، نماز جنازہ آج بعدنمازعصرمسجدعائشہ خیابان اتحاد کراچی میں اداکی جائے گی ،تفصیلات کے مطابق انہیں طبیعت انتہائی ناساز ہونے پر اسلام آباد سے کراچی کے آغا خان ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ،نعیم الحق کافی عرصہ سے کینسرکے عارضے میں مبتلاتھے ، وزیراعظم انکے انتقال کی خبر سن کر آبدیدہ ہو گئے ۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ میرے سب سے پرانے دوست نعیم الحق کی موت کی خبر نے ہلا کر رکھ دیا ہے ،وہ تحریک انصا ف کے 10بانی اراکین میں سے ایک تھے ۔ وزیراعظم آج ،رہنمائوں کیساتھ نعیم الحق کی نمازجنازہ میں شرکت کیلئے کراچی جائینگے ۔ نعیم الحق 11جولائی 1949کوکراچی میں پیداہوئے ،عمر70برس تھی، پیشے کے اعتبارسے بینکراورکاروباری شخصیت تھے ،نعیم الحق نے 1996میں عمران خان کیساتھ پی ٹی آئی کی بنیادرکھی ۔ صدر عارف علوی اور دیگر رہنمائوں نے انکے انتقال پراظہارافسوس کیا، گورنر سندھ نے کہانعیم الحق پارٹی کااثاثہ تھے ، فوادچودھری نے کہا کہ نعیم الحق کینسرکیخلاف بہادری کیساتھ لڑے ،ہمیشہ یادرہینگے ، فردوس عاشق نے کہا کہ نعیم الحق کے جانے سے پارٹی کوناقابل تلافی نقصان ہوا۔ شیخ رشید نے کہا کہ انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نعیم الحق ایک نفیس اور متین انسان تھے ۔ شہباز شریف ،چودھری شجاعت ، پرویزالٰہی، طارق بشیر چیمہ مونس الٰہی،چیئرمین سینٹ ،سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر رہنمائوں نے بھی ان کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔