کراچی(این این آئی) عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے رواں سال پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2 سے ڈھائی فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کردیا۔عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اپنی رپورٹ میں کہا شرح سود میں کمی سے نجی شعبے میں قرضوں کی فراہمی میں اضافہ ہوگا اور قرض داروں کی قرضوں کی واپسی کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ شرح سود میں کمی سے بینکوں کے مارجن اور آمدن متاثر ہوگی، بینکوں کے اثاثہ جات کے معیار پر بھی دباؤ میں اضافہ ہوگا تاہم بینکوں کیلئے کیپیٹل کنزرویشن بفر ختم ہونے سے بینکوں کی قرض فراہمی کی صلاحیت بہتر ہوگی۔ کورونا وبا کے پیش نظر سپلائی چین کے مسائل اور برآمدی آرڈرز کی منسوخی سے ٹیکسٹائل کا شعبہ زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، اس کے علاوہ نقل وحرکت پر پابندی کے باعث پاکستان میں خدمات کا شعبہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔