تل ابیب،غزہ،انقرہ(اے ایف پی ،92نیوز رپورٹ) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امارت سے معاہد پر اگلے ہی روز یوٹر ن لیتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی کنارہ انضمام منصوبہ برقرار رہے گا ، حقوق اور اراضی سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔فلسطینی قیادت نے معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے امارات سے سفیر واپس بلانے کا فیصلہ اور عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اقوام متحدہ نے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے ،امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور امارات کے وزیر خارجہ انور قرقاش نے بھی کہا ہے کہ فیصلہ جرات مندانہ ہے ایران نے معاہدے کو سٹریٹجک حماقت جبکہ ترکی نے غداری قرار دیا ہے ۔مغربی کنارے صہیونی دہشتگردی میں 2فلسطینی زخمی ہو گئے دوسری جانب اسرائیل میں کورونا سے مزید 11افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر وائٹ ہاؤس جیرڈ کشنر نے متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور عرب ملک کے اسرائیل سے تعلقات قائم ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔بحرین کے بعد قوی امکان ہے 3 ماہ میں ایک اور عرب ملک اسرائیل سے تعلقات قائم کر لے ، یقین ہے دیگر ممالک بھی اسی قطار میں ہیں۔اے ایف پی کے مطابق ایک اسرائیلی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ نیتن یاہو نے 2مرتبہ یو اے ای کا دورہ کیا معاہدے کے حوالے سے اسرائیلی حکام آئندہ ہفتوں میں یواے ای کا دورہ کرینگے ۔ ترکی نے متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کاعندیہ دیدیا،ترک صدررجب طیب اردوان نے کہاہے کہ ترکی ابو ظہبی میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے کاسوچ رہاہے ،ترکی متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات بھی ختم کرنے کاارادہ رکھتاہے ۔