اسلام آباد (نیٹ نیوز) متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے معروف ولاگر خالد العامری نے کہا ہے کہ پاکستان آکر میں نے یہ سبق سیکھاکہ میڈیا کسی ملک یا معاشرے کے بارے میں جو بتائے اس پر یقین نہ کریں بلکہ خود جا کر دیکھیں اور پھر کسی نتیجے پر پہنچیں۔خالد العامری نے چند روز قبل اسلام آباد کا دورہ کیا اور اب انہوں نے باقاعدہ ایک ویڈیو میں پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان سے متعلق منفی خبروں کی تردید کی۔ ’’دی ٹرتھ اباؤٹ پاکستان‘‘ کے عنوان سے خالد نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر وی لاگ شیئر کیا جسے پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ بے حد پسند کر رہے ہیں۔انہوں نے ویڈیو میں بتایا میں نے پاکستان کے بارے میں جیسا سن رکھا تھا ،ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد بالکل مختلف پایا، جس سے پاکستان کے متعلق میرے خیالات بالکل تبدیل ہوگئے ۔ پاکستانی بے حد پیار کرنیوالے اور مہمان نواز ہیں،خالد نے ملک کے حسین قدرتی مناظر اور روایتی کھانوں کی تعریف کی، اسلام آباد کی کڑک چائے سے محبت کا اظہار بھی کیا۔خالد نے بتایا کہ میں نے چائے پی تو ہوٹل والے نے پیسے لینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ہم مہمانوں سے پیسے نہیں لیتے ۔سوشل میڈیا سٹار نے ویڈیو کے آخر میں شکریہ پاکستان اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔