اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی، این این آئی ، مانیٹرنگ ڈیسک) معرکہ کارگل کے ہیروز کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور حوالدار لاک جان شہید کی 21 ویں برسی کے موقع پر صوابی خیبرپختونخوا اور غذر میں خصوصی دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے حوالدار لاک جان کی قبر پر پھول چڑھائے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقاریب میں پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کیلئے دھرتی پر جان نچھاور کرنے والے بیٹوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل احسان محمود خان نے لالک جان شہید اور کمانڈنٹ پنجاب رجمنٹل سینٹر نے کرنل شیر خان شہید کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ شہدا کے اہل خانہ سمیت بڑی تعداد میں سول و ملٹری حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ مختلف مکاتب فکر، سول و فوجی حکام نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی۔