روزنامہ 92 نیوز کی رپورٹ کے مطابق معمر ملازمین کے ادارہ ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) نے اطلاع دیئے بغیر 25 ہزار بزرگ افراد کی ماہ نومبر 2019 ء کی پنشن روک لی اور اٹھارہ دن گزرنے کے باوجود اس بلاجواز اقدام کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔ تاہم ای او بی آئی کے ریجنل دفتر کا کہنا ہے کہ کچھ تصدیق کرانا لازمی تھی جس کی وجہ سے یہ پنشن روکی گئی ہے۔ جہاں تک تصدیق کا تعلق ہے تو ای او بی آئی کارڈ کے حامل افراد سے ہر چھ ماہ بعد بائیومیٹرک تصدیق کے لئے موبائل فونز پر پیغام بھیجا جاتا ہے، لیکن بعض بزرگوں کو یہ میسیج مل ہی نہیں پاتا‘ بعض کے پاس موبائل فون نہیںہوتا اور کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ موبائل خراب ہے اور انہیں اطلاع نہیں ملتی۔ ان سب مسائل کا حل یہ ہے کہ ہر چھ ماہ بعد بائیومیٹرک تصدیق کی بجائے اس مدت کو ایک سال کر دیا جائے ،دوسرے بائیو میٹرک تصدیق کے لئے انہیں موبائل میسیج بھیجنے کی بجائے بذریعہ کال اطلاع دی جائے اور ان بزرگوں سے ان کے گھر والوں میں سے کسی کا متبادل نمبر بھی لیا جائے تاکہ انہیں کسی نہ کسی طرح اس کی اطلاع کی جاسکے۔ فی الوقت ضرورت اس امر کی ہے کہ جن پنشنروںکو نومبر کی پنشن جاری نہیں کی گئی اس کے اجرا کا رواں ماہ میں بندوبست کیا جائے تاکہ ان پیسوں سے وہ اپنا دوا دارو اور دوسری ضروری اشیاء بھی لے سکیں۔ معمر افراد معاشرے کا قابل احترام طبقہ ہیں، ان کے لئے سہولتوں کا انتظام ہر حکومت کا فرض ہے جسے پورا کیا جانا چاہئے تاکہ انہیں بنکوں میں جانے کی مشقت سے بچایا جا سکے۔