اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے ایک ماہ بعد صوبہ پنجاب میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس طلب کر لیا۔وزیراعظم عمران خان سے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی ۔ وزیر اعٖظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صوبہ پنجاب میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے پیشرفت اور ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صحت کی سہولیات سے متعلق عوامی ردعمل پر بات چیت کی گئی ۔وزیرِ صحت پنجاب نے وزیر اعظم عمران خان کو بتایا کہ عوام کی جانب سے صحت انصاف کارڈ کے حوالے سے نہایت حوصلہ افزاء ردعمل سامنے آیا ہے ۔ وزیرِ اعظم نے عوام کے مثبت ردعمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہ ہدایت کی کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انھوں نے ایک ماہ بعد صوبہ پنجاب میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس طلب کر لیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنمائوں نے کورونا کی صورتحال کے باعث درپیش مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے مالدیپ کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا کے پھیلائو کو روکنے اور معیشت سمیت سیاحت کے شعبہ کی بحالی کیلئے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم عمران خان نے مالدیپ کے صدر کو پاکستان میں تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت نے انسانی جانوں کے تحفظ، کاروبار اور آمدنی کے ذرائع کو محفوظ بنانے اور معیشت کی بحالی پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے اور معیشت کے بڑے شعبے بتدریج کھولے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے گلوبل انیشیٹیو آن ڈیٹ ریلیف کے حوالہ سے مالدیپ کے صدر کو آگاہ کیا جو ترقی پذیر ممالک میں کورونا وبا کے شدید سماجی و معاشی اثرات کو کم کرنے کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کا مالیاتی وسائل اور صحت کے شعبہ میں بنیادی ڈھانچہ کی سہولیات میں کمی کے باعث کورونا وبا سے خصوصاً زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اس لئے ترقی پذیر ممالک میں خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے جنوبی ایشیاء میں امن اور سلامتی کی صورتحال کے تناظر میں کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کو اپنی حقیقی معاشی استعداد کا احساس کرنا چاہئے اور ان کو خطہ میں امن اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔