لاہور( شوبز ڈیسک) فلم انڈسٹری کے معروف فلمسازچودھری سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری کی بحالی اور ترقی کا عمل شروع ہوچکا ہے ایک طویل عرصہ سے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے جو کوششیں کی جا رہی تھیں اب ان کوششوں کو ہم کامیاب ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اس عزم کے ساتھ ان حالات کا مقابلہ کیا وہ قابل ستائش ہیں۔چودھری سلیم باجوہ نے کہا کہ جس طرح فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد نے فلموں کی بحالی کے لیے جدوجہد کی اسی طرح اب فلم انڈسٹری کی کامیابی میں بھی محنت سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی رونقوں کا لوٹ آنا خوش آئند ہے لیکن اب اچھی اور معیاری فلمیں بناکر ہی ہم مزید ترقی کرسکتے ہیں،چودھری سلیم باجوہ نے کہاکہ پاکستانی فلموں کی کامیابی سے ہم سب بہت خوش ہیں۔کیونکہ اسی انڈسٹری سے ہمیں دنیا بھر میں شہرت اور عزت ملی ، بین الاقوامی مارکیٹ میں جگہ بنانے کا یہ بہترین موقع ہے ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں جو کام کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ایک بار پھر فلم انڈسٹری کا مرکز ہوگا جہاں فلم سازی کا عمل شروع ہوچکا ہے ،یہ سال ہماری کامیابی کا سال ہوگا۔