اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں معیاری تعلیم کی فراہمی کلیدی حیثیت رکھتی ہے ۔گزشتہ روزوزیر اعظم آفس میں صوبہ خیبر پختونخوامیں ہائر ایجوکیشن کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ ہائر ایجوکیشن اور بنیادی تعلیم کے حوالے سے یکساں مواقع، میرٹ پر عملدرآمد اور اساتذہ و طلبہ کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود،وزیر اطلاعات شبلی فراز،گورنراوروزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شرکت کی۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے چینی موبائل کمپنی کے پاکستان کے سی ای او کوئنگ مینگ سمیت اہم عہدیداروں کے وفدنے ملاقات کی اور آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ۔چینی کمپنی ایک ہزار پاکستانی سرکاری ملازمین کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیت دے گی۔وزیراعظم نے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن سے چینی کمپنی کے وفد کو آگاہ کیا اور کہاپاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، آئی ٹی کے ذریعے حکومتی معاملات میں شفافیت اور بہتر گورننس کی جا سکتی ہے ۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق بھی شریک تھے ۔