لندن( نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کہا ہے معیشت مر رہی اور عمران نیازی کی بے حسی عروج پر ہے معیشت کی تباہی کی قیمت قوم ادا کر رہی ہے ، حکومتی فیصلے معیشت کے گلے کا پھندا بن گئے ، صرف گالیاں دینے سے ملک نہیں چلتے ۔ انہوں نے معاشی تباہی، مہنگائی اور بیروزگاری پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا معیشت کی تباہی کی قیمت قوم اور ملک کو ادا کرنا پڑ رہی ہے ۔ آنکھیں کھولنا ہوں گی،غریب کا کھوکھا بچا نہ دکان، فیکٹری نہ صنعت اور نہ ہی چھابڑی۔ قوم نے دیکھ لیا کہ گالیاں دینے سے ملک، صنعت، کاروبار، روزگار اور گھر نہیں چلتے ، معیشت بچانے کے لئے فیصلہ قوم کو کرنا ہے ، قومی اتحاد کی ضرورت ہے ، اس وقت تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ، تیز ترین قرض، کم ترین شرح ترقی معیشت کی تباہی کی علامتیں ہیں، مہنگائی 14فیصد اور پالیسی ریٹ 13.25فیصد کر دینا ہی ملک دشمنی ہے ۔کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت پر اپنے بیان انہوں نے کہا 27 سال پہلے 1991 میں 23اور24فروری کی درمیانی شب بھارتی فوج کے کنن اور پوش پورہ گائوں میں ظلم کو دنیا نہیں بھولی ۔ کشمیری خواتین کی اجتماعی بے حرمتی کایہ واقعہ تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ،مقبوضہ کشمیر کے ان دیہات میں اس دن مردوں پر بھی انتہائی بہیمانہ تشدد کیاگیا تھا، تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے ،کشمیری ماؤں، بہنوں، بیٹیوں نے عظیم قربانیوں سے ثابت کیا کہ وہ اپنی آزادی کے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ شہبازشریف نے ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا برادر ملک سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،حکومت بلوچستان کے علاقوں میں ضروری طبی اقدامات کرے ۔انہوں نے ایران اور ترکی میں زلزلے سے جانی ومالی نقصان پربھی اظہارافسوس کرتے ہوئے کہادکھ، پریشانی اورآزمائش کی گھڑی میں پاکستان کے عوام ایران اورترکی کیساتھ ہیں۔