لاہور(خصوصی نمائندہ،نیوز رپورٹر)گور نر پنجاب چودھری سرور نے مخیر حضرات کے تعاون سے سکولز کے طلبا میں کورونا سے بچاؤ کیلئے فیس شیلڈ تقسیم کرنے کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈیوں سے کورونا کے پھیلاؤ کوروکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے 100فیصدعملددرآمد کر نا ہوگا ورنہ نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں۔ ملک اور معیشت مضبوط ہو گی تو 22کروڑ پاکستانی مضبوط ہوں گے ۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر الماس حیدر کی جانب سے عطیہ کردہ کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی شیلڈ تقسیم کر نے کی تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کورونا کی وجہ سے یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی ادارے بند ہونے سے بہت تعلیمی نقصان ہو رہا ہے ۔جتنی جلدی ہم کورونا پر قابو پا لیں گے یہ اتنا ہی ملک کی معیشت کی بحالی کیلئے بھی اہم ہوگا۔علاوہ ازیں ترجمان پنجاب حکومت و وزیراعلیٰ شکایت سیل کے وائس چیئرمین ناصر سلمان نے گورنر سے ملاقات کی۔گورنرنے ناصر سلمان کو صحتیاب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ناصر سلمان کی عوامی خدمات کو سراہا۔بعدازاں گورنر سے چیئرمین ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب ملک عثمان حمزہ اعوان نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں کوروناوائرس کے پھیلاو کے لیے کیے جانے والے اقدامات سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔