اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،این این آئی)وزیر اعظم کے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کو مشکل اقتصادی حالات ملے ، پندرہ ما ہ میں بہتری لائے ،نان ٹیکس ریونیو کا1200 ارب کا ہدف حاصل کریں گے ،آئی ایم ایف قرض کی دوسری قسط 500 ملین ڈالر جلد ادا کردے گا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے مائیکرو فنانس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مائیکرو فنانس کے 70 لاکھ سے زائد صارفین ہیں جو بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مائیکرو فنانس کا شعبہ ملک کے متعدد چیلنجز سے نبردآزما ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری ٹیکس پالیسی میں اصلاحات کا عمل جاری ہے ، معیشت کو دستاویزی شکل دی جارہی ہے ۔حکومت کو مشکل اقتصادی حالات ملے ،گذشتہ 15 ماہ میں اقتصادی حالات بہتر بنائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ۔ آئی ایم ایف کے ریویو میں تمام اقتصادی اشارئیوں پر اعتماد کا اظہار کیاگیا۔ دیگر عالمی اداروں نے بھی ایک ارب ڈالر کی بانڈ مارکیٹ کو سراہا۔فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ میں 236 فیصد اضافہ ہوا ہے ،فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کی مد میں ساڑھے 6 سو ملین ڈالر سرمایہ کاری آئی۔انہوں نے کہاکہ بلومبرگ نے گذشتہ ساڑھے 3 ماہ میں پاکستانی سٹاک مارکیٹ کو بہترین سٹاک مارکیٹ قرار دیا گیا۔نان ٹیکس ریونیوز میں پانچ ماہ میں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا،نان ٹیکس ریونیوز کا 1200ارب کا ہدف حاصل کریں گے ،ڈالر آنے سے اقتصادی حالت بہتر ہوئی ہے ،کرنٹ اکائونٹ خسارہ گذشتہ سال 35 فیصد اور ابھی 5 ماہ میں بھی مزید کم ہوا۔اے ڈی بی نے اسی بہتری پر اپنے پروگرام میں 3 ارب ڈالر اضافہ کیا،آئی ایم ایف اب پاکستان کو قرض کی دوسری قسط 500 ملین ڈالر جلد ادا کردے گا۔ دریں اثناعبد الحفیظ شیخ سے چائنا ڈویلپمنٹ بنک کے ڈائریکٹر جنرل گاؤ منگ گانگ کی قیادت میں چینی بنک کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔چینی وفد کے سربراہ نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار اور سرمایہ کاری بڑھانے کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔