مکرمی !ملک میںمہنگائی ان دنوں اپنے عروج پر ہے، یکم جولائی سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج مسلسل مندی کی لپیٹ میں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ڈالر کی قیمت میں تقریباً 38روپے کا اضافہ ہوچکا ہے ۔ روپے کی گرتی قدر اور ڈالر و سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اوریہ صورتحال معیشت کے ساتھ ساتھ کاروبار کی تباہی اور عوام کے لیے انتہائی مایوسی کا باعث بن رہی ہے ۔ ان گھمبیر حالات میں حکومت معاشی حالات بہتر کرنے کی سر توڑ کوششیں کررہی ہے، ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے نئی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا اجراء کیا گیا ہے مگر ملکی معاشی حالات ہیں کہ سنبھل ہی نہیں رہے۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ وزیراعظم ایک نہیں تین بار براہ راست قوم سے خطاب ، اور پرائیویٹ ٹی وی چینلز پر اس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اُٹھانے کی ترغیب دے چکے ہیں ۔ (رانا اعجازحسین چوہان )