لاہور( سٹاف رپورٹر) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمدسعید نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مضبوط بنانے کیلئے غیر ملکی قرضوں سے جان چھڑانا ہو گی۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں قانونی نظام اور ڈھانچے بھی اسلامی ہونے چاہئیں۔ملک و معاشرے میں تبدیلی کیلئے سیرت کے سبھی پہلوؤں کو مدنظر رکھنا ہو گا۔ فرقہ واریت میں تشدد اور قتل و غارت گری سے اسلام اور مسلمانوں کو سخت نقصان پہنچا۔بیرونی قوتیں مسلمانوں کو اپنے قدموں پر کھڑا ہوتے نہیں دیکھنا چاہتیں۔ ملت کا وجود مستحکم کرنے کیلئے فرقہ واریت ختم کرنا بہت ضروری ہے ۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتیں قرضے دیتی ہیں تو ساتھ شرطیں بھی عائد کرتی ہیں تاکہ مسلمان ملک قرضوں میں جکڑے رہیں اوراپنے قدموں پر کھڑے نہ ہو سکیں۔ وہ مسلم ملکوں و معاشروں کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں۔ ہمیں قربانی کے جذبوں سے ان قرضوں سے جان چھڑانا ہو گی جن کی وجہ سے غلامیاں و محکومیاں مسلط ہوئیں اورملک و معاشرے برباد ہو رہے ہیں۔ اگر پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانا چاہتے ہیں توسیاسی بیانات سے آگے بڑھ کر اس کیلئے عملی طور پر تبدیلیاں لانا پڑیں گی۔ ہمیں سیرت رسولؐ سے رہنمائی لینا ہو گی کہ مدینہ کی اسلامی ریاست کیسے تشکیل پائی تھی۔