لاہور (سٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیۃ اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ ساجد میر نے کہا ہے کہ پیمرا میڈیا پر سیاسی مخالفین پر تو پابندیاں عائد کرتا ہے مگر مغربی تہذیب کا زہر ڈراموں کے ذریعے عام کیا جا رہا ہے ۔ اسلامی اور اخلاقی قدروں کو مسخ کرنے والے ڈرامے اور پروگرام بند کیے جائیں۔ مغربی تہذیب ہمارے لیے چیلنج بن گئی ہے ۔ بیہودہ اور غیر اخلاقی ڈراموں کے ذریعے ہمارے خاندانی نظام کو کمزور کیا جا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فکری نشست سے خطاب کرتے کیا۔ جسکا اہتمام نائب امیر قاری صہیب احمد میر محمدی نے کیا تھا۔ ساجد میر نے کہا کہ ہم انگریز سامراج سے سیاسی طور پر آزاد ہوئے تھے مگر بد قسمتی سے آج ہمیں ذہنی غلام بنایا جا رہا ہے ۔ جس کے اثرات مختلف شعبہ جات میں مرتب ہو رہے ہیں۔ معاشرہ اخلاقی اور فکری طور پر زوال کا شکار ہے ۔ مغرب اسلامی تہذیب پر پوری طرح حملہ آور ہے ۔ اس مقصد کیلئے تعلیم اور ذرائع ابلاغ کا سہارا لیا جا رہا ہے ۔ مسلمانوں کو مغربی تہذیب کی طرف مائل کرنے کی کوششوں کا مقصد اسلامی تہذیب کا خاتمہ ہے کیونکہ مسلمانوں کی ملی وحدت کی بنیاد یہی تہذیب ہے ۔ مفتی عبدالستار حماد‘ مولانا عبدالحمید ‘ قاری صہیب احمد میر ‘ ڈاکٹر عبدالغفور راشد‘ ڈاکٹر عتیق الرحمن اور مولانا عصمت اﷲ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔