لاہور،اسلام آباد،لندن(سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے پارٹی سیکرٹریٹ میں بیگم شمیم اختر کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں لیگی رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اورمرحومہ کے بلند درجات کیلئے دعائے مغفرت کی۔خواجہ آصف اور سینیٹر پرویز رشیدنے جاتی عمرہ میں مریم نواز سے اظہار تعزیت کیا ،لیگی رہنماؤں نے حکومت پر واضح کیا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی دوہفتے سے کم پیرول پر رہائی قبول نہیں،حکومت کس بنیاد پر کورونا پھیلانے کا پروپیگنڈہ کررہی ہے ،سات ہزار لوگوں کو جن کو کورونا ہوا، ان کا ڈیٹا نکالیں،کسی ایک کو بھی کورونا بھی نہیں ہوا ہوگا۔ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگومیں ایاز صادق نے کہاشمیم بیگم کے گردے کا بھی مسئلہ چل رہا تھا،دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن میں کورونا آگیا تھا،لوگ کہتے ہیں اس کورونا سے جان چھڑانی ہے ، اللہ تعالی بہتر کرے گا،حکومت سے بھی جان چھٹ جائے گی، نواز شریف کو ڈاکٹروں نے سفر سے منع کیا ، دو سے تین روز میں شمیم بیگم کی میت پاکستان پہنچ جائے گی۔پرویز رشید نے جاتی عمرہ میں میڈیا سے گفتگو میں کہاملکی دفاع مضبوط بنانے والے کوجلاوطن کیوں کیا جاتا ہے ،نوازشریف اپنے والد کے سفر آخرت میں بھی میت کو کندھا نہیں دے سکے تھے ،اب والدہ کی تدفین میں کیوں شریک نہیں ہونگے ، اس کا جواب ریاست اور ریاست چلانے والوں کو دینا ہوگا، ایسا ماحول اور ایسا جبر کیوں پیدا کردیا جاتاہے ،پاکستان میں ایسا کیوں ہوتا ہے کہ قائداعظم علاج کیلئے کراچی آتے ہیں اوران کی گاڑی کا پٹرول ختم ہوجاتا ہے ،محترمہ فاطمہ جناح سڑک پر بیٹھ کر بھائی کے منہ سے اپنے ڈوپٹے سے مکھیاں اڑا رہی تھیں،سیاستدان اس جبر کیخلاف جدوجہد کرتے رہے اورتختہ دار پر بھی پہنچے ، اسی جدوجہد میں جلاوطنی پر مجبور ہوئے ،پی ڈی ایم کے لاہور جلسہ میں ابھی بہت وقت ہے ،جلسہ سے گھبرانے والوں کو گھبراتے رہنا چاہئے ،جلسوں کی ری شیڈولنگ کا فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی۔خواجہ آصف نے کہا بیگم شمیم اختر کا انتقال شریف خاندان کے لئے بڑا صدمہ ہے ۔رانا ثنائاللہ نے کہا نوازشریف کی والدہ کی وفات اس وقت ہوئی جب شریف فیملی بد ترین ظلم کا سامنا کررہی ہے ،حکومت انسانی احساس سے عاری ہے ،انہیں توفیق نہ ہوئی کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کر دیں ،سب سے اپیل ہے جو آ سکتے ہیں آ جائیں،جنازے و رسومات کے لئے ماڈل ٹاؤن سے اطلاع مل جائے گی،ظالم حکومت کوغم کے لمحات میں بھی انسانیت کا احساس نہیں،تیس نومبرکا جلسہ ہوگا ، اپوزیشن کی تحریک سے بوکھلا کر کوروناکا پروپیگنڈا ہورہاہے ،اگر حکومتی کورونا چھ ماہ رہ گیا تو خدانخواستہ سو فیصد موت کاامکان ہے ،حکومت معیشت کا بیڑا غرق کردیا، لوگوں کو جس طرف دھکیل رہے ہیں وہ موت سے بدتر ہوگا،نوازشریف اپنے علاج پر توجہ دیں اور دعاؤں سے والدہ کو بھیجیں،الیکشن کمشنر گلگت ہر روز کسی وزیر کے گھر بیٹھے ہوتے ہو،مظاہرین کے احتجاج کو سپورٹ کرتاہوں لیکن آگ لگانے کا عمل درست نہیں،حکومت کوجس بیساکھی کا سہارا ہے وہ اب میسر نہیں رہنی چاہیئے ۔خواجہ احمد حسان نے کہا میت لاہور آنے پر جنازے کا اعلان کر دیا جائے گا۔ادھرنماز جنازہ کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس رانا ثنائاللہ کی قیادت میں ہوا۔