پشاور،اسلام آباد(این این آئی،نیٹ نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پورے ملک میں ایک دن عید اور رمضان کے لیے مقامی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کاچیئر مین بنانے کی تجویز دی ہے ۔ایک انٹرویومیں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اگر مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو مرکزی کمیٹی کا چیئر مین بنانے سے مسئلہ حل ہوتا ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے ، ہم چاہتے ہیں قوم اب دو دو روزوں اور عید سے باہر نکلے ، یہ نیا پاکستان ہے اب یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے ، مرکز کو اس حوالے سے تجویز دیں گے ۔ادھر وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کی جانب سے مفتی منیب الرحمان کو آرام دینے اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی بنانے کا مشورہ دینے کے جواب میں مفتی منیب نے کہا ہے کہ حکومت ہی مفتی پوپلزئی کے کنٹرول میں دے دیں، تمام کام چوبیس گھنٹے پہلے ہو جایا کریں گے بلکہ پشاور بی آر ٹی بھی حوالے کر دیں، شاید جلدی مکمل ہو جائے ۔