اسلام آباد، لاہور (خصوسی نیوز رپورٹر ، وقائع نگار، 92 نیوزرپورٹ،نیوزایجنسیاں )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برا ئے اطلا عات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے وطن واپس آکر کوئی احسان نہیں کیا، اپوزیشن لیڈر اپنے ساتھ اسحاق ڈار، بیٹے اور داماد کو بھی لے آتے تو قانونی قاضا پورا ہو جاتا ۔ اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا شہباز شریف عدالت میں پیشی کی حکمت عملی اپنائیں اور عدالتی سوالوں اور منی لانڈرنگ کا جواب دیں۔شہبازشریف کما ئوپتر سلمان شہباز سے متعلق بھی وضاحت کریں، شہبازشریف کہتے تھے کرپشن ثابت ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا، وہ گارنٹی دیں واپس نہیں جائیں گے ۔نواز شریف نے مجبوری میں یہاں عید منائی، ان کی پاکستان میں پہلی عید ہوئی، امید ہے شہباز شریف بھی اگلی عید پاکستان میں کریں گے ۔امید ہے شہباز شریف عوام کا چین اور سکون دائو پر نہیں لگائیں گے ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور اورتحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا امید ہے شہبازشریف لندن میں قیام کے بعد تازہ دم ہوگئے ہوں گے ۔ توقع ہے لندن کے کیفے ،ہائیڈپارک اور شاپنگ کے بعد ان کے رویے میں مثبت تبدیلی آئے گی اور وہ بجٹ سیشن میں مثبت اورتعمیری رویہ اختیار کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا انتشار کی سیاست چھوڑیں اورصحت مندانہ بحث کو فروغ دیں ۔ ترجمان وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ لیگی قیادت کی بیان بازی سے لگ رہا ہے شہباز شریف لندن سے علاج کرا کر نہیں بلکہ ورلڈکپ جیت کر آرہے ہیں۔شہباز شریف لندن علاج کے نام پر گئے تھے اور سیاست اور سازشوں میں مصروف رہے ۔شہباز شریف نے اس بار علاج کے نام پر لندن میں عید گزاری ۔کتنا ہی اچھا ہوتا کہ چھوٹے میاں صاحب اپنے مفرور داماد،بیٹے اور اسحاق ڈار کو بھی ساتھ لے آتے ۔شہباز شریف نے پنجاب کے عوام کی خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالا۔ سابقہ حکومت کے ہر منصوبے میں کمیشن اور کک بیکس سامنے آرہی ہیں۔پنجاب میں کی گئی کرپشن اور معیشت کو تباہ کرنے پر شہباز شریف کو "لائف ٹائم کرپشن ایوارڈ" دینا چاہئے ۔یہاں لاؤ لشکر کے ساتھ گھومنے والے لندن میں پاکستانیوں سے منہ چھپاتے رہے ۔ اپنی کرپشن اور احتساب سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے اب یہ احتجاج کا نعرہ لگائیں گے ۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف عمر چیمہ نے کہا شہباز شریف کہیں بھی ہوں قوم کا ایک ہی سوال ہے کہ شہباز شریف اپنے خاندان کی کرپشن کا حساب کب دیں گے ۔ٹی ٹی کے ذریعے منگوائے 26ملینْ ڈالر کا حساب کب دیں گے ۔لندن سے واپسی پر ہی بتا دیتے 85 ارب کے اثاثے ٹی ٹی کے پیسوں سے کیسے بنائے ۔شہباز شریف بیماری کو ڈھال نہ بنائیں، قوم کو جواب دیں۔کسی احتجاج سے پہلے اپنی چوری ، کرپشن اور عوام پر قرضوں کے بوجھ کا حساب دیں۔