لاہور(شوبزڈیسک ) اداکارہ زارا اکبر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر اب عالمی برادری کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ، 70سال سے اس مسئلے کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا تھا اوراسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت نے مقبوضہ کشمیرکے مسلمانوں کو اپنی ریاست کے محسور کر کے ان پر ظلم کے وہ پہاڑ ڈھائے ہیں جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، عالمی ضمیر کو بیدار ہونا چاہیے۔ ایک انٹریو کے دوران انہوں نے کہاکہ بھارت میں انتہا پسند وں کی حکومت ہے جو شروع سے انسانیت کی تذلیل کرتے چلے آرہے ہیں۔ گجرات میں قتل عام اورریل گاڑی کو آگ لگانے کے واقعات میں مودی ملوث رہا ہے اوراب مودی کی حکومت نے مسلمانوں کے ساتھ ایک اور کھلاواڑکیا ہے جو کسی بھی طور پر قابل برادشت نہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت کو ختم کرنا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے جس پر اقوام متحدہ کو سنجیدگی سے ایکشن لینا چاہیے۔ اداکارہ زار ااکبر نے لندن میں بھارت کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر دیگر مظاہرین کے ساتھ سڑکوں پر مارچ کیا۔