لاہور(انورحسین سمرائ) پنجاب حکومت نے صوبہ میں مقامی حکومتوں کے الیکشن کے انعقاد کے لئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے فورم پر مشاورت کرنے اور اس کی سفارشات پر عمل کرنے کے لئے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو تحریری درخواست دے دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کوصوبے میں مقامی حکومتوں کے الیکشن کے انعقاد پر غور کرنے کے لئے تحریری طور پر تجاویز و سفارشات دینے کا حکم دیا تھا جس پر پنجاب حکومت نے یہ معاملہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ٹیکنکل ورکنگ گروپ کے سپرد کیا کہ وہ اس پر اپنی تجاویز دیں ۔ پنجاب حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ چونکہ یہ گروپ صوبائی، قومی ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کووڈ 19کے پھیلائو اور اس کے تدارک کے لئے عملی اقدامات کو باقاعدگی سے مانیٹر کررہاتھا اس گروپ نے اپنی سفارشات دیں جس پر کابینہ کی کمیٹی برائے انسداد کورونا میں غور کیاگیا ہے ۔ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا کہ پنجاب حکومت چاہتی ہے کہ مقامی حکومتوں کے الیکشن کے انعقاد کیلئے اس اہم معاملے کو لازمی طور پر این سی او سی کے فورم پر ڈسکس کیا جائے مقامی حکومتوں کے الیکشن کے لئے مرکزی حکومت ایک اہم سٹیک ہولڈر ہے لہذا صوبے میں مقامی حکومتوں کے الیکشن کے لئے وفاقی حکومت کی مشاورت ضروری ہے ۔مقامی حکومتوں کے لئے حلقہ بندیوں کی حتمی لسٹیں آویزاں کرنے کے لئے 15یوم کی توسیع پہلے ہی کی جاچکی ہے اب یہ لسٹں اعتراضات کے لئے 4اکتوبر کو تمام اضلاع میں آویزاں کی جائیں گی۔ پنجاب حکومت نے صوبائی الیکشن کمیشن سے ڈی لیمیٹیشن کمیٹیوں کی طرف سے تجویز کردہ ابتدائی حلقہ بندیوں کے نقشہ جات، ڈاکومنٹس اور ویلج و نیبر ہیڈ کے نام کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں تاکہ ان کو صوبائی کابینہ میں پیش کرکے منظوری لی جاسکے ۔